کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی الیکشن کمشنر محمد فرید آفریدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عام انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، قومی اسمبلی کے 16اور صوبائی اسمبلی کے 51حلقوں میں 53لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، انتخابات کے لئے 5026پولنگ اسٹیشن بنائے گئے جن میں 1651حساس قرار دئیے گئے ہیں، سیکورٹی پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 31ہزار اہلکار تعینات ہونگے،الیکشن مینجمنٹ سسٹم جدید خطوط پر استوار نظام ہے، نتائج ایک ہی دن میں دینے کی کوشش کریں گے، یہ بات انہوں نے پیر کو جوائنٹ الیکشن کمشنر عبدالقیو م شنواری، ڈائریکٹر الیکشنز وسیم احمد، ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن و ریجنل الیکشن آفیسر محمد نعیم احمد، پی آر او صوبائی الیکشن کمیشن غوث بخش سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں صحافیوں کو بریفننگ دیتے ہوئے کہی۔ صوبائی الیکشن کمشنر فریدآفرید نے کہا کہ بلوچستان میں کل3 5لاکھ71ہزار 947ووٹرز ہیں جن میں 30لاکھ 16ہزار 164مرد ارو 23لاکھ 55ہزار 783خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کے عام انتخابات کے لئے صوبے میں کل 5026پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 1651انتہائی حساس، 2249حساس اور 1126نارمل قرار دئیے گئے ہیں، ان پولنگ اسٹیشنز پر کل 15ہزار 6سو26پولنگ افسران تعینات ہونگے جن میں 1247خواتین اور 4032مردوں سمیت 5279پریزائیڈنگ افسران، 17266مرد اور 13986خواتین سمیت کل 31252اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران شامل ہیں،اب تک 51ہزار 379عملے کو ٹریننگ دی گئی ہے جبکہ پولنگ کے دن سیکورٹی پر 30ہزار 943اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر 429اور صوبائی اسمبلی کی 51جنرل نشستوں پر 1267امیدوار حصہ لے رہے ہیں صوبے میں مجموعی طور پر جنرل نشستوں پر کل 1696امیدوارحصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مخصوص نشستوں پر کل 121امیدوار مدمقابل ہیں جن میں خواتین کی قومی اسمبلی کی نشستوں پر 28، صوبائی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر 62جبکہ بلوچستان اسمبلی میں غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں پر 31امیدوار شامل ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ریٹرننگ افسران یا کسی بھی عملے سے متعلق جہاں سے بھی شکایات موصول ہورہی ہیں ان کی مکمل جانچ پڑتال اور کاروائی کی جارہی ہے کسی بھی شکایات کو نظر انداز نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولنگ بوتھ کی تعداد اس طرح سے بنائی گئی ہے کہ ووٹرز کو لمبی قطاروں میں نہ لگنا پڑے اور پولنگ کا عمل بھی جلد مکمل ہو۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خواتین کے لئے جینڈر ڈیسک قائم کیا ہے جبکہ خواتین امیدواروں کی تعداد کے حوالے سے انتخابات کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ نیٹ ورک نہ ہونے کی صورت میں ریٹرننگ افسران کے پاس سیٹلائٹ نظام بھی موجود ہوگا نتائج کو پہلے ہی دن مکمل کر کے دینے کی کوشش کریں گے جبکہ صحافیوں اور مبصررین کے لئے ہر ریٹرننگ افسر کے دفتر میں میڈای وال ہوگی جس پر نتائج دئیے جائیں گے۔
بلوچستان میں عام انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر

ٹیگز:
صوبائی الیکشن کمشنر
