کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ و حلقہ این ائے 263 سے امیدوار نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ2018ء کے انتخابات میں کوئٹہ شہر کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اس مرتبہ کوئٹہ شہر کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آٹھ فروری کو اپنا مینڈیٹ کسی صورت چوری نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی لوٹ مار کی نیت سے آنے والوں کو شہر پر مسلط ہونے دیں گے، 8 فروری کو عوام اپنے ووٹ کے ذریعے نہ صرف آنے والی نسلوں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے بلکہ اپنے ووٹ کی طاقت کو سمجھتے ہوئے شہر پر مسلط ہونے کی کوشش کرنے والوں کا راستہ روکیں گے،یہ بات انہوں نے پیر کو کواری روڈ پر واقع مقامی ہال میں حلقہ پی بی 42 کے وارڈ چھ اور سات کے انتخابی اجتماع اور خدائیداد روڈ پر واقع مقامی ہال میں زاہد خان کی قیادت میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پی بی 42 کے وارڈ چھ اور سات کے انتخابی اجتماع سے الائنس کے حمایت یافتہ امیدوار طاہر محمود خان، رضاء الرحمن،پی بی 43 سے الائنس کے امیدوار محمد اسماعیل گجر، عمر جان بلوچ، ایوب کھوسہ، محمد خان جدون، سلیم پپو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ ووٹ قومی امانت ہے اور اس ووٹ نے ہی آئندہ نسلوں کا فیصلہ کرنا ہے، جب لوگ جمہوری انداز میں اپنی رائے سے پارلیمان میں اپنے نمائندوں کو بھجیں گے تو وہ وہاں جمہوریت اور پارلیمانی نظام کی طاقت سے آئندہ نسلوں کیلئے درست فیصلے کریں گے،اگر آٹھ فروری کو ووٹ کی اس طاقت کو چھوٹے سے ذاتی مفاد کیلئے کاغذا کا ٹکرا سمجھ کر ضائع کیا گیا تو یہ اپنے آج اور آئندہ نسلوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی،لہذا آٹھ فروری کو کوئٹہ شہر کے لوگ قومی اصولوں اور مستقبل کا تعین ووٹ کی طاقت سے کریں۔ انہوں نے کہا کہ2018ء کے انتخابات میں کوئٹہ شہر اور صوبے کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اس مرتبہ کوئٹہ شہر کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ آٹھ فروری کو اپنا مینڈیٹ کسی صورت چوری نہیں ہونے دیں گے شہر کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ شہر کے وارث ہیں کسی کو اس شہر پر مسلط نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے لوگ آٹھ فروری کو اپنے باشعور ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ہمیشہ کیلئے غیرسیاسی لوگوں کا راستہ روکیں گے اور اس شہر کا سیاسی عمل اور مینڈیٹ فروخت کرنے والوں کا سماجی بائیکاٹ کریں گے۔
کوئٹہ شہر کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ 8فروری کو اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

ٹیگز:
حاجی لشکری رئیسانی
