کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی درخواست پر عالمی عدالت انصاف نے فلسطین کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اگرچہ یہ فیصلہ بہت سعد ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا اسرائیل کے فلسطین کے خلاف ظلم و بربریت کی کسی طور حمایت نہیں کرتی جنگ بندی فوری طور پر ہونی چاہیے لیکن فلسطین میں ساڑھے تین ماہ کے کشت و خون کے بعد عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کو جنگ بندی کے لیے ایک ماہ کا وقت دینا انتہائی افسوسناک ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا فلسطین کے حق میں فیصلہ دینا خوش آئند ہے لیکن یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب تیس ہزار سے زائد فلسطینیوں کو بموں سے اڑا دیا گیا عالمی عدالت انصاف کے اس فیصلے پر امریکہ کا یہ کہنا کہ یہ مقدمہ بے بنیاد یے انتہائی افسوسناک ہے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فلسطینیوں کی نسل کشی کو جھوٹا الزام اور اشتعال انگیز بات قرار دے کر اپنی سفاکانہ ذہنیت کی عکاسی کی ہے نیتن یاہو کا تیس ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد یہ کہنا کہ اسرائیل اپنے دفاع کے لیے جو کچھ ہوگا وہ کرے گا انتہائی شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے عالمی برادری اسرائیل کو فوری جنگ بندی کے لیے مجبور کرے اور فلسطینی سرزمین پر امدادی سامان فوری طور پر پہنچائے ساٹھ ہزار سے زائد زخمی فلسطینیوں کے علاج معالجے کے لئے ڈاکٹر,،پیرامیڈیکل سٹاف اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے فلسطینی ہسپتال ملبے کے ڈھیر بن چکے ہیں زخمیوں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کے لئے موبائل ہسپتالوں کی اشد ضرورت ہے فلسطین میں بھیجی جانے والی امداد انتہائی ناکافی ہے عالمی برادری خصوصی طور پر مسلمان ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فلسطینی بھائی بہنوں کی مدد کو فوری پہنچیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ ساری دنیا نے نہتے فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے اسرائیلی فوج فلسطینیوں کو نیست و نابود کر دے گی فلسطین پر ہونے والے حملوں میں جہاں اسرائیل مجرم ہے وہاں امریکہ اور برطانیہ بھی برابر کے مجرم ہیں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے پر عملدرآمد کرائیں تاکہ مزید نہتے فلسطینیوں کا قتل عام روکا جا سکے عالمی طاقتوں کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ محفوظ فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنائیں فلسطینی عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے وطن میں بلا خوف اور پرسکون زندگی گزار سکیں۔
عالمی عدالت انصاف کا فلسطین کے حق میں فیصلہ دینا خوش آئند ہے، سینیٹر عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر عبدالقادر
