کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ این اے 263 کوئٹہ سے امیدوار نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہاہے کہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے عوام کے شعوری ووٹ کا طلبگار ہوں،کوئٹہ اور صوبے کے لوگ بلوچستان گرینڈ الائنس کے انتخابی مہم کا حصہ بن کر اس شعوری جنگ میں میرے کندھے سے کندھا ملاکر آٹھ فروی کو ووٹ کا تقدس پامال کرنے والوں کو شکست دیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس،سردار کاریز اور کلی جتک آباد میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر این اے 264 سے امیدوار میر ہمایوں عزیز کرد اور پی بی 44 سے امیدوار میر ناصر قمبرانی نے بھی خطاب کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ2018ء میں ہمارے صوبے اور شہر کا مینڈیٹ چوری کیا گیا،نادرا کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے قومی اسمبلی کے ایک حلقہ میں 64 ہزار جعلی ووٹ ڈالے گئے، ووٹوں پر پیروں تک کے انگوٹھوں کے نشانات تھے اور ایک ایسے شخص کو اس شہر پر مسلط کیا گیا جس کا اس شہر اور صوبہ کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں تھا،اپنے صوبے، شہر اور ووٹر کے مینڈیٹ کے دفاع کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور ٹربیونل نے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا جس کے خلاف جعلی طور پر مسلط ہونے والے شخص نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس نے حکم امتناعی جاری کیا جو بدستور برقرار ہے، میں اپنے ووٹرز اور شعوری ساتھیوں کے مینڈیٹ کے دفاع کی جنگ آخری حد تک لڑتا رہا اور اب 23 جنوری کو اس کیس کی دوبارہ سماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے عوام کے شعوری ووٹ کا طلبگار ہوں اور اپنے سیاسی عمل کیلئے ایک ایک ووٹر کا دروازہ کھٹکھٹا رہا ہوں تاکہ ووٹر ایک شعوری، سیاسی، فکری اور نظریاتی جدوجہد کیلئے اپنا ووٹ استعمال کریں اور اس پرامن سیاسی جنگ کو میں اور میرے ساتھی پارلیمنٹ میں لڑئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران کوئٹہ شہر میں ایک اینٹ بھی نہیں رکھی گئی نہ صوبہ کے معاملات کا دفاع کیا گیا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو اپنے ووٹ کی اہمیت کا احساس ہے اور وہ آئندہ نسلوں کیلئے 8 فروری کو یہ فیصلہ کریں گے اور میں پارلیمنٹ میں ان کا نمائندہ بن کر ان کی نمائندگی کروں گا، انہوں نے کوئٹہ اور صوبے کے لوگ بلوچستان گرینڈ الائنس کے انتخابی مہم کا حصہ بن کر اس شعوری جنگ میں میرے کندھے سے کندھا ملاکر آٹھ فروی کو ووٹ کا تقدس پامال کرنے والوں کو شکست دیں گے۔
آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے عوام کے شعوری ووٹ کا طلبگار ہوں، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

