کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263سے امیدوار چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے،کامیابی کی صورت میں صوبے میں قیام اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے،بنیادی سہولیات کی فراہمی اورعوام کے دیگر مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کوحلقہ انتخاب کے دورے کے موقع پر مختلف کارنرمیٹنگزسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ بحیثیت ایک کارکن کے طویل عرصے سے مسلم لیگ(ن) میں کام کرتے رہے اور مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کیلئے درخواست بھی جمع کرائی لیکن پارٹی نے سینئر اور پرانے ساتھیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے من پسند افرادکو ٹکٹ جاری کئے جس کے بعد حلقہ انتخاب کے عوام کے بے حداصرار پر میں نے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں آزادحیثیت سے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کی سینئر رہنماوں کے ساتھ ناانصافی کے باعث بہت سے مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ناراض ہیں اور وہ آزادحیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ بلوچستان کا دارالخلافہ ہونے کے باوجود تعلم،صحت، پینے کے صاف پانی،روڈاوردیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے ماضی میں کوئٹہ سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے شہر کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز کرپشن اور خوردبرد کی نذر کئے۔ انہوں نے کہاکہ عوام 8فروری کو ووٹ کے ذریعے ایسے نمائندوں کومستردکردیں جنہوں نے ماضی میں عوام کی خدمت کی بجائے صرف اور صرف اپنے ذاتی بینک بیلنس میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کسی سرکاری عہدے پرنہ ہوتے ہوئے بھی شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں کی ہیں اگر عوام نے انتخابات میں کامیاب بنایاتو انہیں یقین دلاتے ہیں کہ عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8فروری کو ہمارے انتخابی نشان”ڈولفن“ پر مہرلگاکر کامیاب بنائیں۔
کوئٹہ بلوچستان کا دارالخلافہ ہونے کے باوجود تعلم،صحت، پینے کے صاف پانی،اوردیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے، چوہدری نعیم کریم

ٹیگز:
چوہدری نعیم کریم
