لاہور(ڈیلی گرین گوادر)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امید ہے ہماری عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) سے جان چھوٹ جائے گی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے لاہور میں کاروبار سہولت مرکز کا دورہ کیا، اس موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کاروبار کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں، وفاقی حکومت کاروبار کے لیے تمام سہولیات فراہم کرے گی، انوار الحق کاکڑ نے نگران وزیراعلٰی پنجاب کی کارکردگی کو بھی سراہا، انہوں نے بتایا کہ محسن نقوی کی اسپیڈ دیکھ کر ہمیں بھی جلن ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے ہماری آئی ایم ایف سے جان چھوٹ جائے گی، اصل کام اسی طرح بہتر ہوتے ہیں، قرض لینا کوئی بری بات نہیں مگر اس کا صحیح استعمال ہونا چاہیے، دنیا میں سب سے زیادہ قرض لینے والا ملک امریکا ہے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا سب کا حق ہے مگر قانون کے دائرے میں رہ کر کرنا چاہیے، 9 مئی والوں کے ساتھ کیا ایشو تھا وہ بھی قانون کے دائرے میں رہ کر طے کرنا چاہیے۔

