کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان پینل آف ایسوسی ایٹس نے لانگ مارچ کے شرکاء پر اسلام آباد پولیس کے قائم مقدمات کی پیروی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے وکیل جمیل رمضان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں چیئرمین آصف بلوچ ایڈووکیٹ ودیگر ایسوسی ایٹس پر مشتمل پینل تشکیل دیدی۔ چیئرمین آصف بلوچ نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے وکیل جمیل رمضان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں بلوچستان پینل آف ایسوسی ایٹس نے وکلاء پر مشتمل پینل تشکیل دیا ہے جو اسلام آباد جاکر لانگ مارچ میں شریک اپنی ماؤں، بہنوں اور بھائیوں کیخلاف درج مقدمات کی عدالتوں میں پیروی کریگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کا شکریہ اداکرتے ہیں جس نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے لانگ مارچ میں شریک افراد پر درج مقدمات کی عدالتوں میں پیروی کرنے کا اعلان کیا ساتھ ہی کراچی، پنجاب، گلگت، کے پی کے، کشمیر، اسلام آباد کی بھی تمام وکلاء تنظیموں اوران لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے میں شریک ہوکر انہیں رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کیں اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بلوچستان پینل آف ایسوسی ایٹس کا لانگ مارچ کے شرکاء پر قائم مقدمات کی پیروی کرنے کا اعلان

