اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے میڈیا سے گفتگو لرتے ہوئے کہا کہ بلوچ بنیادی انسانی حقوق مانگ رہے ہیں لیکن اسلام آباد اپنا حق مانگنے کے لیے آنے والے افراد پر تشدد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچوں سے سوتیلی ماں والا سلوک اب بند ہونا چاہیے، جبری گمشدگی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں آتا ہے اور جبری گمشدگیوں کے شکار افراد کو رہا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غلط کام میں ملوث ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے لیکن اس طرح تشدد اور رکاوٹوں سے نفرتیں جنم لیتی ہیں۔
مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے موجود جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ مسنگ پرسنز انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بدترین شکل ہے اور اگر ریاست نے یہی رویہ رکھا تو نتائج پریشان کن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچیوں اور خواتین پر اسلام آباد پولیس کا تشدد قابل مذمت ہے اور معصوم افراد کے خلاف کریک ڈاون پر آئی جی اسلام آباد کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آئین پر عمل کرتے ہوئے تمام جبری لاپتا افراد کو بازیاب کرایا جائے۔

