کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران نے یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ ریپرزینٹیٹو ڈاکٹر سیموئل رزک کا نظامتِ تعلقات عامہ بلوچستان آمد پر خیر مقدم کیا اور مستقبل میں منسٹری آف انفارمیشن بلوچستان اور یو این ڈی پی کے عہدیداروں نے باہمی اشتراک سے کام کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے محکمہ اطلاعات،ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ عوام کو حکومتی اقدامات سے فوری آگاہی فراہم کرنے کے لئے منظم نظام بنایا جائے گا اور جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ اطلاعات کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ہے، بات چیت کے دوران ڈیجیٹائزیشن میں تعاون کی کوششوں اور محکمے کے افسران کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی پر مزید غور کیا گیا۔ ڈاکٹر سیموئل رزک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے عالمی منظر نامے میں ہمیں موسمیاتی تبدیلی اور ڈس انفارمیشن جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے اس کے ساتھ ساتھ ایچ ائی وی ایڈز سے بچاؤ کیلئے موثر آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی کے تعاؤن سے بلوچستان کے 4 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 50 سرکاری اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کی تربیت کا دوسرا مرحلہ کوئٹہ میں شروع ہوا ہے اور اگلے مرحلے میں محکمہ تعلقات عامہ کے افسران کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈی جی پی آر کی سوشل میڈیا سمیت مختلف چینلز کے ذریعے عوام تک بروقت معلومات کی ترسیل کی کوششوں کو سراہا۔ یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ ریپرزینٹیٹو ڈاکٹر سیموئل رزک نے انفارمیشن سیل محکمہ اطلاعات کا دورہ بھی کیا اور انٹرنیز کے ساتھ بات چیت کی اور سوالات کیے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے ڈاکٹر سیموئل رزک کو محکمے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی بتایا۔محکمہ تعلقات عامہ کا دورہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران نے ڈاکٹر سیمونل رزک کا شکریہ ادا کیا دورہ کے دوران نگران صوبائی وزیر اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نے ڈاکٹر سیموئل رزک کو شیلڈ بھی پیش کی۔ ڈاکٹر سیموئل رزک نے انفارمیشن منسٹری کے ساتھ مل کر کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں درست انفارمیشن کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا،نگران صوبائی وزیر اطلاعات

