کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ٹی برآمدات کا 10 ارب ڈالرز سالانہ ہدف حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اگلے تین سالوں میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کا 10 ارب ڈالر سالانہ کا ہدف حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادر نے کہاکہ ہم کئی اہم جہتوں کے ذریعے 10 ارب ڈالر کے سالانہ برآمدی ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم روڈ میپ کا اعلان کر سکتے ہیں پاکستان کی آئی ٹی کی موجودہ برآمدات تقریباً 2 اعشاریہ 6 ارب ڈالر ہیں برآمدات کی حکمت عملی ایک اعلیٰ درجے کی بین الاقوامی مشاورتی فرم کے ساتھ مل کر پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کیلئے تیارکی گئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پے پال،سٹرایپ اور رائز کو پاکستان آنے اور فری لانس کمیونٹی کو سروسز فراہم کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کر رہی ہے حکومت فری لانسرز کو آئی ورکنگ سینٹرز کے قیام کے لئے بلا سود قرضے فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے پاکستان نے بجا طور پر انفرمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بے انتہا ترقی کی ہے پاکستان اس اعتبار سے ایک نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے اسی لیے بیرون ممالک پاکستانیوں کے لئے وسیع پیمانے پر مواقع موجود ہیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان نے انفرمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں گزشتہ برسوں میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ترقی کی ہے اسی لئے افریقہ، مشرق وسطیٰ، سینٹرل ایشیا اور مسلمان ممالک اسکی بڑی نمایاں مارکیٹ ہیں مشرقی افریقہ اس میدان میں پاکستان کی جانب خصوصی طور پر راغب نظر آتا ہے یہ اچھا موقع ہے کہ پاکستان اس میدان میں موجود اپنی وسیع ڈیمانڈ کی وجہ سے فائدہ اٹھائے اور کثیر زرمبادلہ کما کر مجموعی مالی بوجھ کو کم کرے۔
پاکستان نے آئی ٹی برآمدات کا 10 ارب ڈالرز سالانہ ہدف حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی، سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
