کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سٹی انٹر نیشنل ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس قاضی شہزادالحق نے سوشل میڈیا پر وائرل خبروں کی تردید کرتے ہوئے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ چندمفاد پرست عناصر صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کے سہولت کو ناکام بنانے کی کوششوں میں سرگرداں ہیں وہ نہیں چاہتے کہ غریب عوام مہنگائی کے اس دور میں حکومت کی فراہم کردہ اس مفت سہولت سے مستفید ہوں۔صحافت کے نام پر چند بلیک میلرحقائق جانے بغیر اپنی دکان چمکانے کی تگ و دو میں ہیں اورسوشل میڈیا پر سٹی انٹرنیشنل ہسپتال کی ساکھ کو نقصان پہنچانے میں مصروفِ عمل ہیں اوراپنے منفی بیانات سے عوام میں اضطراب پھیلانے کی ناکام کو شش کر رہے ہیں۔ ہم ایسے نام نہاد بلیک میلروں کاقلع قمع کرنے اوران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا پورا اختیا ر رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں حکومت کی وضع کردہ پالیسی اور تحریری معاہدے کے عین مطابق غریب عوام کو صحت کی مفت سہولیات بلا تعطل فراہم کی جاری ہیں اور صحت کارڈ کی جانب سے متعین ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرڈاکٹر واحد نصر اپنے مستعد عملے کے ساتھ ہسپتال میں ہمہ وقت موجود رہتے ہیں جو ہر طرح کے مریضوں کی جانچ پڑتال اورلوگوں کو آگہی دینے کے ساتھ ساتھ انکے علاج معالجے پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔ وی آئی پی کمروں کے کرائے کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ ایک پرائیویٹ ہسپتال ہے جہاں ہر طرح کے لوگ آتے ہیں اور صاحبِ ثروت حضرات اپنا یا اپنی فیملی کا علاج پرائیویٹ طور پر کروانے کو فوقیت دیتے ہیں، ہم انہیں پرائیویٹ علاج پر مجبور نہیں کرتے نہ ہی اس سے صحت کارڈ یا اس سے جڑی سہولیات کا کوئی تعلق ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر سرگرم منفی پراپیگنڈے کو ہر گز اہمیت نہ دیں اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
صحت کارڈ کے بارے میں لغو بیانات، عوام کو بہکانے کی سازش ہے، ایم ایس سٹی انٹر نیشنل ہسپتال کوئٹہ

