کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری وسابق اسپیکر جمال شا ہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) میں شمولیتوں سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، تنقید کرنے والے بلاجواز اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں، مسلم لیگ(ن) کی سابقہ کارکردگی اور عوام کی خدمت ہی وہ اشارہ ہے جس سے بلوچستان سمیت پورا پاکستان میاں نواز شریف کی قیادت میں ایک جھنڈے تلے کھڑا ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میں گزشتہ روز 30سے زائد سیاسی شخصیات کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ(ن) کے کچھ لوگ یہ تنقید کر رہے ہیں کہ کسی کے اشارے پر لوگ مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے ہیں ہم انہیں بتانے چاہتے ہیں مسلم لیگ(ن) میں سیاسی و قبائلی رہنماؤں کو شامل ہونے کا اشارہ عوام نے دیا ہے عوام یہ جان چکے ہیں کہ انکے لئے کام کرنے والی جماعت مسلم لیگ(ن) ہے اور دہائیوں سے عوامی سیاست کرنے والے نمائندے اس لئے پارٹی میں آئے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں ہی یہ ملک ترقی کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام ہیں مسلم لیگ(ن) نے اپنے ہر دور میں جو کام کئے ہیں انہیں دیکھتے ہوئے عوام متاثر ہوئے ہیں اور آج بلوچستان سمیت ملک بھر میں عوام اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے پارٹی میں شمولیتیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ کئی ماہ سے کہاتھا کہ پارٹی میں لوگ شامل ہورہے ہیں اور آج ہم نے وہ وعدہ پورا کر کے دیکھا ہے پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ انتخابات تک جاری رہے گا لہذا تنقید کرنے والے بیانات دینے کے بجائے الیکشن کے عملی میدان میں ہمارا مقابلہ کریں۔
مسلم لیگ(ن) میں شمولیتوں سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، جمال شا ہ کاکڑ

ٹیگز:
جمال شا ہ کاکڑ
