کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) قبائلی و سیاسی رہنما سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت نہیں بلکہ سیاسی عمل کو دوام دیکر بلوچستان کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرکے سمگلنگ ، کرپشن کا خاتمہ یقینی بناکر کیا جاسکتا ہے اور حقیقی عوامی نمائندوں کو پارلیمنٹ میں لاکر اسٹیٹس کو ختم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سراوان ہاس کوئٹہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل، جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ اور دیگر رہنما کی سراوان ہاوس آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر دیگر رہنمائ بھی موجود تھے۔ نوا بزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت میاں محمد نواز شریف ، میاں محمد شہباز شریف اور مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے اس حوالے سے پارٹی کے مرکزی رہنمائ سردار ایاز صادق کے ساتھ بلوچستان کے مسائل پر بات ہوئی ہے صوبے کے ساحل و وسائل کا صحیح استعمال سمگلنگ کی روک تھام کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اس لئے ہمیں محرومیوں کے خاتمے کے لئے صوبے میں جاری قتل و غارت گری اور بیورو کریسی کے غلط فیصلوں کے تدارک کے لئے سیاسی لوگوں کو آگے لانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ محرومیوں کو ختم کیا جاسکے۔ بلوچستان کے پاس 8 سو کلو میٹر طویل ساحل کے علاوہ سونا چاندی اور دیگر وسائل سے مالا مال صوبہ ملک کے دیگر صوبوں اور عوام کو تعاون فراہم کرسکتا ہے لیکن اسمگلنگ اور کرپشن مافیا نے ترقی کو روک ر کھا ہے بلوچستان سے سیاسی ، معاشی، معاشرتی حوالے سے تاریخی پیکج دیکر بلوچستان کے لوگوں کا وفاق ، وفاقی حکومت ، اداروں پر بداعتمادی کی فضائ کو ختم کرکے ان کے اعتماد کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اور اعتماد کی فضا قائم ہوگی۔ قدرتی وسائل کے ذخائر کے مالک آج بھی 80 فیصد لوگ سطح غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سیاسی عمل کو مستحکم بنانے کے لئے سیاسی کارکنوں اور اچھے کردار کے مالک حقیقی نمائندوں کو آگے لانا ہوگا۔ جو آئین اور قانون کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے بلوچستان اور پاکستان کو خوشحال اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ میں اپنے ساتھیوں ، عزیز و اقارب، بہی خواہوں کے ساتھ مشاورت کے بعد سیاسی عمل کے حق میں فیصلہ کروں تاکہ پارلیمنٹ میں جاکر مسائل کے حل کو یقینی بنا سکوں۔ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلوچستان کے مسائل کو طاقت سے نہیں بلکہ سیاسی عمل کو مستحکم بناکر کرپشن، اسمگلنگ کی روک تھام اور اسٹیٹس کو کے خاتمے سے معاملات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور شفاف انتخابات کے لئے ماضی کے تجربات اور غلطیوں سے سبق سیکھ کر ڈائیلاگ کے ذریعے آگے بڑھنا ہوگا۔
ن لیگ میں شمولیت کی دعوت پر نواز شریف کا مشکور ہوں، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

ٹیگز:
حاجی لشکری رئیسانی
