کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز نے اپنے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے دو اہم منصوبوں کا آغاز کیا ہے پہلا منصوبہ ایندھن کے بے جا استعمال کو روکنے کے لئے آئی او ٹی بیسڈ فیول منیجمنٹ سسٹم کا نفاذ ہے اس نظام پر عمل کرنے سے ادارے کو کروڑوں روپے ماہانہ کی بچت ہوگی دوسرا منصوبہ ملک کے مختلف اسٹیشنز اور سائٹس پر فریٹ ٹرمینلز تعمیر کرنے کا ہے تاکہ ملک کے مختلف شہروں میں سامان کی ترسیل اور محفوظ رکھنے میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو وقت کے ساتھ ساتھ اپ گریڈ نہیں کیا گیا جس وجہ سے اس کی آمدنی, سروسز اور مجموعی کارکردگی زوال پذیر ہوئی ہے پاکستان ریلویز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے. وقت بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے. اگر وقت کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں جدت نہ لائی جائے تو ایسے شعبے اپنی استعداد میں بہت پیچھے رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز سفر اورسامان کی ملک کے طول و عرض تک ترسیل کے لئے پہلی ترجیح ہوا کرتی تھی لیکن پھر اس ادارے کی کارکردگی گرتی چلی گئی اور لوگوں نے اس ادارے کی سروسز کو اولین سے ثانوی ترجیح بنا دیا. آئی او ٹی بیسڈ فیول منیجمنٹ سسٹم سے فیول کی مد میں اٹھنے والے اخراجات کم ہونگے اور مختلف اسٹیشنز سے سامان کی ترسیل میں سرعت آ نے سے ادارے پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے مزید کہا کہ پاکستان ریلویز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی فوری ضرورت ہے. سی پیک کے مختلف اکنامکس زونز سے ہونے والی پیداوار کی سنتوں اور بیرون ملک ترسیل ریلوے کے ذریعے سے موثر طور پر کی جا سکتی ہے. ہمارے ہمسایہ ممالک چین اور ایران کی ریلویز کا معیار بہت بلند ہے جو انکی ترقی کا عکاس ہے. ہمیں پاکستان ریلویز کے مسائل حل کرتے ہوئے اس کی فوری اپ گریڈیشن پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی تاکہ سی پیک کے ثمرات سے بھی مستفید ہوا جا سکے اور ملکی کمپنیاں ریلوے گڈز ٹرینوں کے ذریعے سہولت کے ساتھ ارزاں نرخوں پر سامان کی ترسیل پر تیار ہو سکیں۔
پاکستان ریلویز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی فوری ضرورت ہے، محمد عبدالقادر

ٹیگز:
محمد عبدالقادر
