کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے چاہئے ملک میں صرف افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں اورانکی پکڑدھکڑ سمجھ سے بالاتر ہے، پشتونیت اور اسلام کے نام پر پشتون عوام کو بے وقوف بنانے والے مشکل وقت میں اپنے محلوں میں چھپے بیٹھے ہیں انہیں عوام سے کوئی سروکارنہیں ہے،عوام آنے والے عام انتخابات میں پڑھے لکھے اور ایماندار لوگوں کا انتخاب کریں تاکہ وہ ایوانوں میں جاکر اپنے بینک بیلنس میں اضافے کی بجائے صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرسکیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو نواں کلی بائی پاس کلی بدن خیل آباد میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جلسے سے محمود خان، مولانا کمال غازی، حاجی داود، ماسٹرخلجی، صدو خان خلجی اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پشتونوں نے اپنے وطن اور حقوق کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں پشتونوں کے اکابرین میراحمد شاہ بابا اور میروائس خود میدان میں جاکر لڑتھے تھے اب موجودہ سیاسی مشران اسلام اورپشتونیت کے نام پر لوگوں کو لڑاتے ہیں اور خوداپنے محلوں میں بیٹھ کر تماشہ دیکھتے ہیں میں نے موجودہ مشران میں نہ تو غازی دیکھا ہے اور نہ ہی شہید دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی مشران کو پشتون قوم کی عزت بچانے کیلئے اپنی دو سیٹوں کی قربانی دینی پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 15ملکو ں سے زائد کے مہاجرین آباد ہیں لیکن صرف افغان مہاجرین کی پکڑدھکڑاورانہیں تنگ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے نگران حکومت مہاجرین کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کردے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو قومیت اور اسلام کے نام پر سبز باغ دکھاکر ووٹ حاصل کرنے والوں نے عوام کی خدمت کی بجائے صرف اور صرف اپنے بینک بیلنس اورجائیداودں میں اضافہ کیاعوام آج بھی مسائل میں گرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام آنے والے عام انتخابات اور کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں قوم اور مذہب کا نام استعمال کرنے والوں کو مسترد کردیں اورایسے پڑھے لکھے نمائندوں کا انتخاب کریں جو ایوانوں میں جاکر صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال تک ایوانوں میں رہنے والے نمائندوں نے صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز کرپشن اور خوردبردکی نظر کردیئے صوبے کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں نیب،اینٹی کرپشن اوردیگر ادارے عوام کی دولت لوٹنے والوں کا بلا امتیاز احتساب کریں اورجن عناصر نے کرپشن کی ہے ان سے عوام کی لوٹی گئی دولت واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک ملک سے کرپشن اوربدعنوانی کاخاتمہ نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارے اکابرین نے جانی اورمالی قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے یہ کسی کی ذاتی جاگیرنہیں ہے یہ ہم سب کا ملک ہے اور سب کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے چاہئے اورایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے جس سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوں۔
پاکستان کو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے چاہئے، لالہ یوسف خلجی

ٹیگز:
لالہ یوسف خلجی
