ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) ڈیرہ اللہ یار میں جگہ جگہ قائم ایرانی پیٹرول پمپس موت بانٹنے لگے، صحبت پور روڈ پر واقع منی پیٹرول پمپ میں آتشزدگی سے ایک شخص جھلس کر جاں بحق، دوسرا شدید زخمی، تین گاڑیاں، رکشہ اور موٹرسائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اللہ یار شہر کی مصروف ترین شاہراوں اور مارکٹس کے عین درمیان جگہ جگہ پر قائم ایرانی پیٹرول پمپس موت بانٹنے لگے ہیں، ہفتہ کے روز ڈیرہ اللہ یارصحبت پور روڈ پر واقع سکندر منی پیٹرول پمپ میں دو ٹرکوں سے ایرانی پیٹرول ڈپو میں انلوڈ کرتے وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی، پلک جھپکتے ہی آگ نے ایرانی پیٹرول سے لوڈ دو ٹرکوں، قریب کھڑے رکشہ اور تین موٹرسائیکلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، پیٹرول انلوڈ کرتے وقت قریب موجود دو افراد بھی آگ میں جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنکی شناخت ساجد لاشاری اور اسرار بروہی کے نام سے ہوئی، زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دوران علاج ایک زخمی سجاد دم توڑ گیا، اطلاع ملتے ہی میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار کی دو فائر برگیڈ گاڑیاں اور واٹر ٹینکر سمیت عملہ موقع پر پہنچ گئے، پولیس سمیت انتظامیہ کے افسران بھی جائے وقوع پہنچے جنکی نگرانی میں میونسپل کارپوریشن کے عملے نے کئی گھنٹوں کی امدادی کارروائیوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، شہر بھر میں قائم ایرانی منی پیٹرول پمپس پر حفاظتی اقدامات کے لئے کسی قسم کے آلات موجود نہیں، آتشزدگی کے دوران آگ بجھانے کے لیے عملے کو بھی کوئی تربیت حاصل نہ ہونے سے انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ مزید بڑھ گیا، پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر یومیہ ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی گاڑیوں سے لاکھوں روپے وصولی کے بعد انہیں شہر میں بغیر کسی حفاظتی اقدام کے داخل کیا جاتا ہے جو کہ بہت بڑے سانحے کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے، شہریوں نے آتشزدگی واقعہ میں قیمتی انسانی جان کے ضیاع پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نگران صوبائی حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے عین وسط اور مصروف شاہراوں پر جگہ جگہ قائم منی پیٹرول پمپس کو فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کرکے کسی بڑے سانحے سے شہریوں اور عام تاجروں کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کیے جائیں۔
صحبت پور، منی پیٹرول پمپ میں آتشزدگی سے ایک شخص جھلس کر جاں بحق، تین گاڑیاں، رکشہ اور موٹرسائیکلیں جل کر خاکستر

ٹیگز:
صحبت پور
