کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے زیراہتمام اسرائیلی یہودی بربریت،دہشت گردی کے خلاف پریس کلب کوئٹہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرے میں ملی یکجہتی کونسل کے ممبرجماعتوں کے قائدین وکارکنوں نے شرکت کی شرکاء نے اسرائیلی مظالم،یہودی حملوں کے خلاف اورمظلوم فلسطینیوں وحماس کے مجاہدین کے حق میں نعرے لگائے۔مظاہرے سے کونسل کے صوبائی صدر مولاناعبدالحق ہاشمی،علامہ ہاشم موسوی،مولاناعبدالکبیرشاکر،پیرسیدحبیب اللہ شاہ چشتی،ڈاکٹرعطاء الرحمان،سیدعتیق الرحمان اور دیگر رہنماوں نے خطاب کرتے کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس نے طوفان العقصی آپریشن میں اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے حماس کے طوفان الاقصی آپریشن کو عین حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔ امریکہ،اقوام متحدہ اور یورپ اسرائیلی ناجائز ریاست کی ناجائز سرپرستی کر رہے ہیں۔مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔اسرائیلوں نے سینکڑوں فلسطینی شہید کر دیے، فلسطینی سرزمین پر ناجائز بستیاں آباد کردیں۔ فلسطینوں کے پاس تنگ آمد بجنگ آمد کے سوا کوئی راستہ نہیں،اسرائیل جتنا بھی ظلم کر لے فلسطینی آزادی اور اپنی سرزمین سے دست بردار ہونے کے لیے تیار نہیں۔ غزہ کے فلسطینی مجاہدوں اور حماس کو دنیا بھر کے مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے قائدین نے اعلان کیا کہ پاکستان میں فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی مذمت کے لیے ملک گیر حمایت کی جائے گی۔ امریکہ یورپ اور اقوام متحدہ اپنی بے حسی، جانبداری، مسلم دشمنی اور صہیونی نوازی ترک کریں اور مسئلہ فلسطین انصاف اور حق کی بنیاد پر حل کیا جائے، مٹھی بھر یہودیوں کو واپس اپنے ملکوں میں بھیجا جائے۔ عالم اسلام ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرے، قبلہ اول کی بازیابی ملت اسلامیہ کی گردن پرقرض ہے۔ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے کے ارادے ترک کئے جائیں، عالم اسلام اور امت کا اتحاد ہی عزت اور کامیابی کا راستہ ہے۔
حماس نے طوفان العقصی آپریشن میں اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے، مولاناعبدالحق ہاشمی

ٹیگز:
مولاناعبدالحق ہاشمی
