کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ قوم اور مذہب پرست جماعتوں نے بلوچستان کے عوام کو بے روزگاری، بد امنی، بدحالی،جہالت کے علاوہ کچھ نہیں دیا، تین تین بار منتخب ہونے والے نمائندوں کی کارکردگی صرف اپنے گھر اور رشتے داروں تک محدود رہی ہے، پیپلز پارٹی کوئٹہ اور صوبے بھر میں باعزت روزگار کی فراہمی، تعلیم اور ہنر سیکھانے کے لئے منصوبے شروع کریگی، صوبے میں سندھ کی طرز پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، ہماری سیاست کا محور عام آدمی ہے اقتدار ملا تو صوبے کے عام لوگوں کے حالات کو بہتر بنائیں گے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، جنر ل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی، میر ظہور بلیدی، خان محمد بڑیچ، نصیب اللہ شاہوانی، محی الدین رن، سردار عمران بنگلزئی، اختر بلوچ، ایوب آغا، خدا بخش لہڑی سمیت دیگر نے جیل روڈ ہدھ کوئٹہ میں سید حسنین ہاشمی کی دعوت پر سابق ناظم عبدالغفار رند کی جانب سے منعقدہ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے ملک کو آئین دیاآج ملک میں جو ضابطہ ہے وہ پیپلز پارٹی کا دیا ہوا ہے ہمارے دورمیں قومی وحدتو ں کو اقتصادی اور سیاسی اختیارات منتقل ہوئے اور ترقی کا نیا دور شروع ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کا وژن عام آدمی کو مستحکم اور مضبوط بنانا ہے اس حوالے سے پارٹی نے روزگار، فنی تعلیم سمیت دیگر منصوبے بنائے ہیں جن سے بے روزگای کا خاتمہ اور نوجوانوں کو ترقی کرنے کا موقع ملے گا۔ مقررین نے کہا کہ ہدھ کوئٹہ کی قدیم آبادی ہے یہاں کے لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں نوجوان بے روزگار اور مایوس ہیں ان کے پاس ڈگری ہے مگر نوکریاں صرف اور صرف قوم پرست جماعت نے اپنے رشتے داروں میں تقسیم کیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی بلوچستان کے نوجوانوں کے زخموں پر ملحم رکھا تھا اور آنے والے دور میں اگر عوام نے ووٹ دیکر منتخب کیا تو ایک بار پھر ہم عوام کی اسی جذبے کے ساتھ خدمت کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام طبقات، علاقوں کی نمائندہ جماعت ہے آج کوئٹہ میں سید حسنین ہاشمی کی کاوشوں سے پارٹی فعال اور مضبوط ہورہی ہے وہ دن دور نہیں جب کوئٹہ شہر کے تمام علاقے پیپلزپارٹی کا گڑھ ہونگے۔
پارٹی فعال اور مضبوط ہورہی ہے وہ دن دور نہیں جب کوئٹہ شہر کے تمام علاقے پیپلزپارٹی کا گڑھ ہونگے، میر چنگیز خان جمالی

ٹیگز:
میر چنگیز خان جمالی
