مسلم لیگ(ن) نے ذاتی مفادات کی بجائے ہمیشہ ملکی ترقی کو ترجیح دی ہے،چوہدری نعیم کریم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے ذاتی مفادات کی بجائے ہمیشہ ملکی ترقی کو ترجیح دی ہے وزیراعظم میاں محمدشہبازشریف کی دن رات کوششوں کی بدولت ملک ایک مرتبہ پھر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے،پارٹی کے قائد میاں محمد نواز شریف عام انتخابات سے قبل پاکستان آکر پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز صاحبہ کے ساتھ انتخابی مہم کی قیادت کریں گے آنے والاوقت انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) کاہی ہے۔یہ انہوں نے کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ انشاء اللہ مسلم لیگ (ن)ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے(ن) لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف اورپارٹی صدر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ملک کو قرضوں سے نجات دلا کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان سمیت ملک بھر میں عوامی خدمت کے بل بوتے پر الیکشن لڑے گی، مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اورر یکارڈ ترقیاتی کام کرائے عوام آج بھی پارٹی قیادت کو حقیقی مسیحا اور اپنے دکھ درد کا ساتھی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) نے جن مشکل اور کٹھن حالات میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالی اس وقت ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہاتھا،ملک کے اندر سخت اور شدید ترین معاشی بحران تھا لیکن وزیراعظم شہبازشریف کی کمال بصیرت اورعوامی جذبے کی سرشاری نے ملک کو دوبارہ اپنے پاؤں پرکھڑاکردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے عام انتخابات کے اعلان کے بعد پارٹی کے کارکن انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں پارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں عام انتخابات میں حصہ لیکر بھرپور کامیابی حاصل کریگی اورانتخابات میں کامیابی کے بعدوفاق سمیت چاروں صوبوں میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوگی۔