صاف اور شفاف آب و ہوا بہترین صحت کی علامت ہے فضائی آلودگی سے پاک ممالک میں پھیپھڑوں اور دیگر سانس کی بیماریاں کم ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف آب و ہوا بہترین صحت کی علامت ہے فضائی آلودگی سے پاک ممالک میں پھیپھڑوں اور دیگر سانس کی بیماریاں کم ہیں اور ان ممالک میں گرین ہاؤس گیسز کے اخراج اور جنگلات کے کٹاؤ میں بھی واضح کمی موجود ہیں عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے پوری دنیا اور خاص کر پاکستان میں کئی ایک مسائل کو جنم دیا ہے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے باعث قدرتی آفات کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی گزشتہ سال کی طوفانی بارشوں اور سیلابوں کی مثال ماضی میں نہیں ملتی یہ ایک ایسی اربن فلڈنگ کی مثال ہے جس کی اگر وجوہات ڈھونڈنے کی کوشش کی جائے تو موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی عالمی درجہ حرارت اس موسمیاتی تغیر کے اسباب میں سب سے اہم نظر آئیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ایک صنعتی نہیں بلکہ زرعی ملک ہے اور عالمی درجہ حرارت کو بڑھانے میں صنعتی ممالک کا کردار سب سے زیادہ ہے لیکن بدقسمتی سے اس آلودگی کے اثرات سے وہ ممالک بھی متاثر ہو رہے ہیں جن کا فضائی آلودگی میں کردار نہ ہونے کے برابر ہے انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو انٹرنیشنل پروٹوکولز اور اور عالمی سطح پر کیے گئے معاہدوں کی پاسداری کرنا ہوگی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کو قابو کرنے کے لیے اب سنجیدہ اقدامات کرنے ہونگے اور دنیا بھر کے ممالک میں موسمی تغیرات کے اثرات سے ہونے والے نقصانات پر ایک جامع سعی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا انہوں نے کہا کہ یہ دن تقاضا کرتا ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور اپنے ماحول کو صاف رکھیں ہم انرجی ایفیشنٹ گاڑیوں کا استعمال کریں اور فضائی آلودگی کے خلاف اپنی مشترکہ کوششوں کو مزید تقویت دیں انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر بھی حکومت ہر سال شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیتی ہے اور ہر سال ہزاروں یا لاکھوں کی تعداد میں پودے لگائے جاتے ہیں اس کے علاوہ صوبائی محکمہ ماحولیات بھی صاف ستھرے ماحول کے لئے عوامی سطح پر شعوری پروگرام بھی چلاتی ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت ایک محب وطن پاکستانی فضائی آلودگی سے پاک پاکستان کی جانب بڑھنا ہے کیونکہ صاف اور شفاف ماحول ہی بہترین انسانی صحت کا ضامن ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے