ملک کے معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے ہر محب وطن کو کردار اداکرنا ہوگا، مولانا عبد الرحمن رفیق
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے عمرہ ادائیگی کے بعد مبارک باد آنے والے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے ہر محب وطن کو کردار اداکرنا ہوگا، ہماری جدوجہد کا مقصد اسلامی فلاحی خوشحال ریاست کا قیام ہے، وفاقی حکومت بالخصوص وفاقی وزیر مواصلات جمعیت علماء اسلام پاکستان کے پارلیمانی لیڈر مفتی اسعد محمود کی جانب سے لگڑری گاڑیوں کی واپسی اور کفایت شعاری مشعل راہ ہے، جمعیت علماء اسلام عوام پر بوجھ کی بجائے اشرافیہ اور جاگیردار طبقہ کی قربانی کی خواہاں ہے،انہوں نے کہا ک حکومت کو پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا ہار سمجھ کر قبول کیا،معاشی کشتی کو دیوالیہ پن کے بھنور سے نکالنے کیلئے عوام اور جمہوری جماعتوں نے بادل ناخواستہ زمام اقتدار سنبھالا، نیازی نے جاتے جاتے ملک کے تمام اداروں کے ہاتھ پاؤں باندھ کر سستے دام آئی ایم ایف پر بیچا، ہمارے مشکل فیصلوں کے پیچھے لیاقت ہے جہالت نہیں، جمعیت علماء اسلام کی سیاسی جدوجہد اور ولولہ انگیز تحریک کا سلسلہ جاری وساری ہے، حالیہ عارضی تبدیلی منزل نہیں، ملک کو آزاد، خودمختار اور معاشی طور پر مستحکم بنانا اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو امریکہ اور آئی ایم ایف کا غلام بنا کر آب قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش دراصل وہ خوف ہے جن کی وجہ عوام پوچھ رہیہیں کہ پونے چار سال کونسا وعدہ پورا کیا گیا، اور خالی خول جزباتی نعروں کے ذریعے ملک کے اداروں کے تقدس اور وقار کو مجروح کیا گیا۔ ضلع امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ آج جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عمومی کا اجلاس سنگ میل ثابت ہوگا۔