کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو گندم اور آٹا زخیرہ کرنے اور مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے حکم دیا ہے کہ زخیرہ اندوزی کے زریعہ گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے اور گندم اور آٹے کے بحران سے موثر طور پر نمٹا جائے۔وزیراعلیٰ نے سرحدی اضلاع کی انتظامیہ کو گندم اور آٹے کی بیرون ملک سمگلنگ کی روک تھام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق گندم اور آٹے کے بحران اور زخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کاروائیوں کے جائزہ کے لئے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں مانٹرنگ ڈیسک قائم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری کیپٹن(ر) جمیل بلوچ کو ڈیسک انچارج تعینات کیا گیا ہے۔ڈیسک روزانہ کی بنیاد پر گندم زخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف جاری کاروائیوں کی رپورٹ مرتب کرکے وزیراعلیٰ کو پیش کریگا۔کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو اس حوالے سے کی جانے والی کاروائیوں کی رپورٹ مانیٹرنگ ڈیسک کو ارسال کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سے وزیر خوراک و خزانہ زمرک خان اچکزئی نے رابطہ کر کے گندم اور آٹے کی کمی سے عوام کو درپیش مسائل اور بحران کے حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام گندم اور آٹے کی عدم دستیابی سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں صورتحال کے تناظر میں پاسکو اور پنجاب سے فوری طور پر گندم کے حصول کے لئے کوشش کی جائے۔صوبائی وزیر خوراک نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ محکمہ خوراک کی ٹیمیں بھی مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں گی۔
ذخیرہ اندوزی کے ذریعے گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے،وزیراعلیٰ بلوچستان

ٹیگز:
وزیراعلیٰ بلوچستان
