چین اور سعودی عرب اگلے سال تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے،اسحاق ڈار

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ چین اور سعودی عرب جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے، دونوں ممالک نے 13 ارب ڈالر کا پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور سعودی عرب نے 13 ارب ڈالر کا پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ چین قرضے رول اوور کرنے سمیت 8.8 ارب ڈالر کی معاونت کرے گا، چین 4 ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی واپسی رول اوور کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو 3.3 ارب ڈالر کے چینی کمرشل قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے، چین اس کے علاوہ 1.45 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کرے گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے بھی 4.2 ارب ڈالر کی اضافی رقم فراہم کرنے کا امکان ہے، 3 ارب ڈالر کے اضافی ذخائر اور مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے، سعودی عرب گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس تعمیر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ چینی اور سعودی قیادت نے وزیر اعظم کو تعاون کی یقین دہانی کروا دی، دونوں ملک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے۔وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ چین نے ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے پر کام جلد شروع کرنے پر اتفاق کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے