سرکاری ملازمین کے جائزمسائل حل کئے جائیں گے، بشری رند
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بشری رند نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین حکومتی مشینری میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں ان کے جائز مسائل حل کئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے ایپکا افرادی قوت تربیت یونٹ کے وفد سے گفتگو میں کہی۔وفد نے انہیں محکمہ میں منسٹریل اسٹاف کے سروس رولز کی منظوری سیمتعلق درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اب بھی ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے سروس رولز بلا جواز اعتراض لگا کر واپس بھجوا دئیے گئے ہیں۔ 2014سے محکمہ کا منسٹریل اسٹاف سروس رولز نہ ہونے کی وجہ سے ترقیوں سے محروم ہے بڑے پیمانے پر اہلکار ترقیاب ہوئے بغیر ریٹائر ہو گئے جس پر پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بشری رند نے کہا کہ حکومتی مشینری میں سرکاری ملازمین کے کردار سے انکارممکن نہیں ہے ترقیاں ملازمین کا حق ہے سینارٹی اور اہلیت کی بنیاد پر ہی تجربے کار افسران و اہلکار ترقیاب ہو کر محکمے کی کارکردگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی سے بات کرینگی اور سروس رولز کی منظوری کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔