سیلاب متاثرین کا جتنا بھی نقصان ہوا ہے انہیں پورا معاوضہ دیا جائے گا، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے کہاہے کہ وہ سیلاب متاثرین کے لئے دنیا بھر سے فنڈز جمع کرنے میں مصروف ہیں، دوروں پر آنے والے اخراجات خود برداشت کررہی ہیں، ایک روپیہ بھی بلوچستان حکومت سے نہیں لیا، غلط خبرچلانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔یہ بات انہوں جمعرات کو وزیر اعلی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ فرح عظیم شاہ نے کہاکہ حکومت، پاکستان آرمی، ایف سی، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایک پیچ پر ہیں۔ ریلیف اور بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، اب متاثرہ علاقوں میں آبادکاری پر توجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں زندگی کی بحالی کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے، سیلاب متاثرین کا جتنا بھی نقصان ہوا ہے انہیں پورا معاوضہ دیا جائے گا۔ بلوچستان سے زیادہ اسلام آباد میں وقت گزارنے سے متعلق سوال پر ترجمان حکومت کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز جمع کرنے کے لئے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے دورے کئے اب امریکہ، یورپ اور دیگرممالک کے دورے بھی کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوروں پر آنے پر والے خرچ ہم خود برداشت کررہی ہیں، ایک روپیہ بھی بلوچستان حکومت سے نہیں لیا۔ نجی ہوٹل میں رہائش سے متعلق سوال پر فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ دو یوٹیوب چینلز نے میری شاہ خرچیوں کی خبریں چلائی ہیں، میں انہیں قانونی نوٹس جاری کررہی ہو اور سرینا ہوٹل اسلام آباد کو بھی نوٹس بھیج رہی ہوں کہ کیسے انہوں نے میری رہائش کے بلز آوٹ کئے، یہ سیکریسی اور ہوٹل کی پالیسی کے خلاف ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دن رات سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہے، ہم سب وزیراعلیٰ کی ٹیم ہیں، اور ان کی ٹیم ہر جگہ نظر آرہی ہے، چیف ایگزٹیو کا کام کاموں پر نظر رکھنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ دن بھر سوئے رہتے ہیں تو اسپیکر سے وزیراعلیٰ کیسے بن گئے اور پارٹی کے صدر کیسے بن گئے؟۔انہوں نے کہاکہ اگر وزیراعلیٰ سوئے رہتے ہیں تو ریکوڈک کا منصوبہ کیسے دستخظ کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ متحرک ہیں اور ریکوڈک کے کامیاب معاہدے سمیت کئی اہم اہداف حاصل کئے ہیں۔