اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کی نااہلی کے ریفرنس پر الیکشن کمیشن میں کارروائی کا آغاز ہوگیا۔عمران خان کیخلاف توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے پر الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس پر کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ نااہلی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔
عمران خان کے وکیل نے پہلے تو تحریری مواد نہ ملنے کا عذر پیش کیا، پھر نکتہ اٹھایا کہ عمران خان رکن اسمبلی نہیں ہیں اس لئےانہیں نوٹس جاری ہی نہیں ہو سکتا، کوئی رکن استعفے کا اعلان کرکے ایوان میں نہ جائے تو استعفی منظور تصور ہوتا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ کاغذوں میں عمران خان اب بھی رکن اسمبلی ہیں، بار بار کہا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن استعفے منظور نہیں کررہا۔
عمران خان کے وکیل نے باربار استعفے کا ذکر کیا تو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیانات نہ دیں سابق ڈپٹی اسپیکر نے کوئی استعفیٰ بھیجا ہو تو دکھا دیں، یہاں قانونی بات کریں اور باقی گفتگو ٹی وی پر کیا کریں۔وکیل نے ریفرنس کی کاپی اور جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگا تو کمیشن نے سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔

