پی ڈی ایم کہتی ہے ووٹ کو عزت دو لیکن ووٹر کو کورونا سے مرنے دو،شیخ رشید
چمن:وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والوں نے اپنے ووٹرز کو کورونا سے مرنے کیلئے چھوڑ دیاہے،کئی جنوریاں آئیں کئی گئیں، عمران خان 5 سال پورے کرے گا، موجودہ حالات میں مہنگائی صرف یہاں پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر ہے،پاکستان جمہوری تحریک میں شامل جماعتیں اپنے خلاف کرپشن کے کیسز سے بچنے کیلئے اکھٹی ہیں،محکمہ ریلوے کو مرحلہ وار ترقی دے رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سرحدی شہر چمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم وغیرہ سب بھول جائیں، پی ڈی ایم کی بھول ہے کہ ان کے جلسوں سے عمران خان کی حکومت چلی جائے گی عمران خان کہیں نہیں جا رہا، وہ 5 سال پورے کرے گا۔۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاکہ احتجاج کرنیوالی 11 پارٹیوں کیخلاف کرپشن کیسز ہیں، یہ 11 جماعتیں صرف اس لئے اکٹھی ہیں کیونکہ ان کے خلاف کرپشن کیسز ہیں، پی ڈی ایم کہتی ہے ووٹ کو عزت دو لیکن ووٹر کو کورونا سے مرنے دو، کورونا وائرس کی پہلی لہر میں اللہ نے رحم کیا پاکستان محفوظ رہا۔ وزیر ریلوے کی ترقی کیلئے ایم ایل ون منصوبہ اہم ہے، ریلوے کے نظام کو مرحلہ وار ترقی دے رہے ہیں، ریلوے کا ایک پلاٹ فروخت کریں تو ریلوے کا خسارہ دور ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر ہے۔ قبل ازیں وزیر ریلوے شیخ رشیدنے جمعہ کو پاک افغان بارڈر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے این ایل سی پراجیکٹ اور تجارتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر ریلوے کو انٹرنیشنل ٹریڈ بارڈرمینجمنٹ کے حوالے سے متعلقہ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔