سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن پر قطری حکومت کیلئے خفیہ لابنگ کرنے پر فردِ جرم عائد
پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں خدمات دینے والے امریکا کے سابق سفیر رچرڈ اولسن پر قطری حکومت کے لیے خفیہ لابنگ کرنے پر فردِ جرم عائدکردی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رچرڈ اولسن پر واشنگٹن میں قطری مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ رچرڈ اولسن نے ریٹائر ہونے کے فوراً بعد قطر کی حکومت کے لیے لابنگ کی اور پاکستان میں بطور سفیر خدمات انجام دیتے ہوئے ایک تاجر سے تحائف لیے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق رچرڈ اولسن کاکہنا ہے کہ وہ قطر کی حکومت کے لیے غیر قانونی طور پر لابنگ کرنے اور بطور سفیر ملنے والے تحائف کو ظاہر کرنے میں ناکامی کے الزامات کا اعتراف کریں گے۔
امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ رچرڈ اولسن نے دستاویزات میں یہ ظاہر نہیں کیا کہ انہیں نیو میکسیکو سے لندن کے لیے فرسٹ کلاس ہوائی جہاز کا ٹکٹ ملا تھا جس کی قیمت 18 ہزار ڈالرز سے زیادہ تھی اور جنوری 2015 میں لندن کے ایک لگژری ہوٹل میں قیام کیا تھا۔رپورٹس کے مطابق یہ ادائیگیاں ایک پاکستانی امریکی تاجر نے کیں جن کا نام دستاویزات میں ظاہر نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ رچرڈ اولسن نے 34 سال تک فارن سروس آفیسر کے طور پر کام کیا جبکہ وہ 2015 سے 2016 تک افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے تھے۔