ڈاکٹرعبدالمالک کاسی کی وفات صوبے کے عوام کیلئے کسی بڑے صدمے سے کم نہیں ،علی مدد جتک
کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سابق صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹرعبدالمالک کاسی کی وفات صوبے کے عوام کیلئے کسی بڑے صدمے سے کم نہیں ہے ڈاکٹر عبدالمالک کاسی کی خدمات کو ہمیشہ تاریخ میں سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو سابق وفاقی وزیرڈاکٹرعبدالمالک کاسی کی وفات پرانکے بیٹے عنایت کاسی ایڈووکیٹ سے تعزیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ سابق وفاقی وزیرڈاکٹرعبدالمالک کاسی کی صحت اور سیاسی کے میدان میں صوبے کے عوام کیلئے عظیم خدمات ہیں جنہیں کبھی بھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے صوبے میں پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔