کراچی(ڈیلی گرین گوادر)کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ملبے تلے دبے ایک اور شخص کی لاش نکال لی گئی، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے سے نکالے گئے شخص کی شناخت 22 سالہ اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے میں 14 افراد زخمی ہوئے جبکہ 12 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں مکمل ہونے میں مزید چار روز لگ سکتے ہیں۔واقعے کا مقدمہ تھانہ ٹیپو سلطان میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں نامزد چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 16 افسران کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں 143 عمارتیں سیل کردی گئی ہیں۔متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی جانب سے ہیلپ کیمپ بھی قائم کردیا گیا ہے۔

