کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ پولیس کی بڑی کارروائی، اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث مبینہ گروہ گرفتار، 45 اے ٹی ایم کارڈز اور 5 لاکھ روپے برآمد ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ عمران شوکت ,ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ پولیس نے مالی جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 45 اے ٹی ایم کارڈز، 5 لاکھ روپے نقدی، 3 موبائل فونز اور جعلی سرکاری و سندھ ہائی کورٹ کے وکیل کی نمبر پلیٹس لگی ایک ٹویوٹا آلٹو گاڑی برآمد کر لی۔گرفتار ملزمان کی شناخت غلام محمد، ذوالفقار اور عارف علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق حیدرآباد سے بتایا جاتا ہے۔ ملزمان کے خلاف کوئٹہ کے مختلف تھانوں میں فراڈ کے مقدمات درج ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کی جانب سے مبینہ طور پر گزشتہ 12 سال سے اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ان کا تعلق این سی سی آئی اے کی 30 سے زائد زیرِ تفتیش انکوائریوں سے بھی بتایا جا رہا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید شواہد اور ممکنہ برآمدگیوں کے لیے کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔کوئٹہ پولیس کا عزم ہے کہ شہریوں کے مالی تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
کوئٹہ پولیس کی بڑی کارروائی، اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث مبینہ گروہ گرفتار، 45 اے ٹی ایم کارڈز اور 5 لاکھ روپے برآمد

ٹیگز:
کوئٹہ پولیس
