کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ خواتین کے تحفظ اور حقوق کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، لائبہ ستار اور اسماء جتک کیسز میں ملوث ملزمان کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ قلات میں لائبہ ستار کیس کے حوالے سے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اہل خانہ کی نشاندہی پر چار ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔ اہل خانہ کی جانب سے عدالت میں راضی نامہ پیش کیے جانے کے بعد دو گرفتار ملزمان بری ہوگئے، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ روایات کو پامال کرنے اور غیرت کے نام پر ظلم کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ حکومت مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو بھی جرم کے ارتکاب کے بعد قانون سے بچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اسماء جتک کیس کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کیس میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو شخص جرم کرتا ہے وہ اکثر گرفتاری سے بچنے کے لیے چھپنے کی کوشش کرتا ہے، تاہم ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسماء جتک ہو یا لائبہ ستار، دونوں ہماری بیٹیاں اور بہنیں ہیں اسماء جتک کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے درد کو ہم بھی محسوس کرتے ہیں اور حکومت خواتین کے خلاف ظلم و زیادتی کے واقعات میں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔میر ضیائاللہ لانگو نے بلوچستان کے عوام کو یقین دلایا کہ ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد، خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
خواتین کے تحفظ اور حقوق کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، میر ضیاء لانگو

ٹیگز:
میر ضیاء لانگو
