عثمان بزدارکو لوٹ مار چھپانے کے لیے 52 ترجمان رکھنے پڑے، عظمیٰ بخاری

پنجاب : مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بہت جلد فردوس امجد بھی نیب کے ریڈار پر ہوں گی اور پھر فردوس امجد مگر مچھ کے آنسو بہاتی نظر آئیں گی۔

عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق کے بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ”اتو ں اتوں رولا پائی جاتے وچوں وچوں کھائی جا“ کے مشن پر گامزن ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ریموٹ کنٹرول وزیر اعلیٰ کی جرم تراشیوں پر روز ”فسادی عورت “ پردہ ڈالنے آجاتی ہے، عثمان بزدار معصوم نہیں ”مال پانی“ بنانے کے ماہر نکلے ہیں۔

مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ عثمان بزدار کو لوٹ مار کو چھپانے کے لیے 52 ترجمان رکھنے پڑے، عثمان بزدار پنجاب کے وزیراعلیٰ نہیں بلکہ بنی گالہ اینڈ کمپنی کے غلام ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے فردوس عاشق اعوان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خادمہ جی! عثمان بزدار کے بعد آپ کا نمبر ہے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ فردوس امجد نے پہلے وفاق میں کمائی کی اور اب اگلے الیکشن کے لیے پنجاب سے ریکوریاں کررہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں کلرک سے نائب قاصد تک اور سیکریٹری سے ایس ایچ او تک ہر عہدے کے ریٹ مقرر ہیں۔

واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا تھا کہ کنیزوں کی چتر چالاکیاں خودنمائی کے سوا کچھ نہیں، جعلی راجکماری کے اشاروں پر اچھل کود کنیزوں کی نوکری کا حصہ ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے کنیز دؤم کا واویلا جھوٹا ہے، کنیز دؤم اپنا قد بڑھانے کی ناکام کوشش کے بعد سوگ منا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے