لاہور (ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے دار ارقم اسکولز کے زیرِاہتمام منعقدہ کل پاکستان پرنسپلز کنونشن اور تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ “پرنسپل محض ایک انتظامی عہدہ نہیں بلکہ قیادت کا نام ہے، جو اساتذہ اور طلبہ کی فکری، اخلاقی اور عملی رہنمائی کا بہترین فریضہ سرانجام دیتا ہے۔”انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی کامیابی کے پیچھے مضبوط وژن، واضح مقصد اور پرنسپل کی وسعتِ نظری کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ “ادارے وقتی دباؤ میں چل سکتے ہیں مگر نظریے کے بغیر اداروں کی شناخت برقرار نہیں رہ سکتی، اس لیے اسلامی تعلیمی اداروں کے لیے اپنی نظریاتی شناخت کی بقا ناگزیر ہے۔”ڈاکٹر حمیرا طارق نے زور دیا کہ ایک پرنسپل کی ذمہ داری صرف نصابی اہداف تک محدود نہیں بلکہ معیارِ تعلیم کو برقرار رکھتے ہوئے تربیتِ اطفال کو ادارے کا مرکز و محور بنانا بھی اس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اگر کردار سازی نہ کرے تو وہ معاشرے کو مطلوبہ قیادت فراہم نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب پرنسپل کے لیے لازم ہے کہ وہ بصیرت افروز ہو، شاندار تعلیمی کیریئر کا حامل ہو، جدید تقاضوں سے باخبر رہے اور ساتھ ہی اسلامی اقدار سے گہرا رشتہ رکھتا ہو۔ “قائدانہ صلاحیتوں سے مزین پرنسپل وہی ہوتا ہے جو ٹیم سازی جانتا ہو، اساتذہ کی صلاحیتوں کو نکھارتا ہو اور اعتماد و نظم پر مبنی ماحول قائم کرے۔”اپنے خطاب میں ڈاکٹر حمیرا طارق نے مزید کہا کہ اسلامی ادارے کی سربراہی عدل، نظم و ضبط، شفقت اور خود احتسابی کے حسین امتزاج کا تقاضا کرتی ہے۔ “پرنسپل کا اپنا کردار سب سے مضبوط تربیتی ذریعہ ہوتا ہے، اس کا عمل اس کے الفاظ سے زیادہ اثر رکھتا ہے۔”انہوں نے ادارے کو کامیابی سے چلانے کی سنہری حکمتِ عملیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ واضح وژن، مضبوط نظریاتی بنیاد، معیاری تعلیم، اساتذہ کی مسلسل تربیت، طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما اور والدین کے ساتھ مؤثر رابطہ وہ عوامل ہیں جو کسی بھی تعلیمی ادارے کو مثالی بناتے ہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ دار ارقم اسکولز جیسے ادارے قوم کے مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور پرنسپلز کی ایسی تربیتی ورکشاپس قیادت کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوتی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر نیت خالص، سمت درست اور قیادت باکردار ہو تو اسلامی تعلیمی ادارے معاشرے کو بااخلاق، باصلاحیت اور باعمل نسل فراہم کر سکتے ہیں۔۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید بھی ان کے ہمراہ تھیں
تعلیمی اداروں میں قیادت، وژن اور کردار سازی وقت کی اہم ضرورت ہے ` ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
حمیرا طارق
