این سی او سی کا اجلاس : کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا۔ جس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف شعبوں کو کھولنے کے بعد کورونا کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کورونا کی ممکنہ دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا جبکہ اجلاس میں تیار کی گئی حکمت عملی پر شراکت داروں سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا
این سی او سی کے مطابق ملک میں سماجی فاصلے اور نو ماسک نو سروس کے اصولوں پر عمل نہیں ہو رہا۔
اتفاق رائے کے بعد آئندہ چند روز میں نئی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ ہوا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز میں معمولی اضافہ ہوا ہے تاہم ملک میں کورونا کی مجموعی صورتحال مستحکم ہے ۔
اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ سماجی فاصلے اور نو ماسک نو سروس کے اصولوں پرعمل نہیں ہو رہا جبکہ عوامی صحت کی پرواہ کیے بغیر ہاتھ ملانا معمول بن چکا ہے۔ عوامی اجتماعات، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کورونا کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے ہیں اس کے علاوہ عوامی مقامات پر ماہرین صحت کی ہدایات پرعمل نہیں ہو رہا۔