پی ٹی آئی قیادت کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، حکومت مخالف گرینڈ الائنس میں شمولیت کی دعوت

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی جس میں پی ٹی آئی نے جے یو آئی کو حکومت مخالف اپوزیشن گرینڈ الائنس میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ پی ٹی آئی کے ایک وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، حامد رضا اور اخونزادہ یوسفزائی نے شرکت کی۔

ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن گرینڈ الائنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی کے درمیان ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی جس کے ممبران سینیٹر کامران مرتضی اور اسد قیصر ہوں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا بانی چیئرمین سے ملاقات کروائیں گے، انہوں نے ’’اَن مانیٹرنڈ‘‘ ماحول میں ملاقات نہیں کروائی، صاحبزادہ حامد رضا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا ہم جمہوریت کے فروغ کے لیے یہاں آئے ہیں۔

جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت کی نیت بارے بھی بتایا۔ الیکشن کمیشنر کی تشکیل نو ایک اہم مرحلہ ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے الیکشن کمیشنر کی تعیناتی بارے بھی گفتگو کی۔ عمر ایوب نے کئی خطوط لکھے۔ مولانا فضل الرحمان نے توجہ سے ہماری بات سنی۔ آگے بڑھنے کے امکانات زیادہ ہے۔

ترجمان جے یو آئی (ف) سینیٹر کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پی ٹی آئی کے رہنما آئے ہم نے اور مولانا صاحب نے انہیں خوش آمدید کیا۔ چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ الیکشن میں مداخلت ختم ہونی چاہیے، اس موضوع پر بات ہوئی۔ آج ہم نے دو رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔ ایک عارضی کمیٹی بنائی ہے، جس میں اسد قیصر اور میں کامران مرتضی موجودہ چیزوں پر کو دیکھیں گے۔مولانا فضل الرحمان پارٹی کے دیگر رہنمائوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے پی ٹی آئی کو آگاہ کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے