ژوب(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور پشتونخوا جرگے کے کنوینر نواب ایاز خان جوگیزئی نے دو روزہ ژوب ڈویژن کے عوامی جرگے کے اختتام پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پشتون قوم ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے، جہاں آگے موت اور پیچھے بھوک و غربت کا سامنا ہے۔ اس سنگین صورتحال کا مقابلہ صرف سیاسی بیداری، اتحاد اور اتفاق کے ذریعے ہی ممکن ہے۔نواب ایاز خان جوگیزئی نے مزید کہا کہ صرف بلوچستان کے پشتون بیلٹ میں 29 مختلف قسم کے معدنیات کے نمونے میرے دفتر میں موجود ہیں، مگر بدقسمتی سے ہمارے بچے ان معدنیات کی کانوں میں صرف کانکنی کی مزدوری کرسکتے ہیں۔ ان معدنیات سے متعلق پروسیسنگ اور فینش پراڈکٹس بنانے کے لیے نہ تو کوئی پلانٹ ہے اور نہ ہی کوئی انڈسٹری۔انہوں نے اس موقع پر چین اور جاپان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین ہم سے بعد میں آزاد ہوا اور جاپان پر دو ایٹم بم گرائے گئے تھے، لیکن آج دونوں قومیں سیاسی اور معاشی طاقتیں ہیں۔ تاہم ہمارے ملک خاص طور پر پشتون اور بلوچ بیلٹ میں بچوں کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے، اور اس کی بنیادی وجہ خوراک اور صحت کی سہولتوں کی کمی ہے۔نواب ایاز خان جوگیزئی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حالات افریقی ممالک کی طرح بنادیے گئے ہیں، جہاں قیمتی معدنیات کی موجودگی کے باوجود لوگ خوشحال نہیں بلکہ خونریزی اور بھوک کا شکار ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ قلعہ عبداللہ خان اور پشین میں ایک غیر مقامی باشندے کو ایک لاکھ پچیس ہزار ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے، جس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ہمارے بچے اس زمین کے نیچے موجود معدنیات کی کانوں میں صرف مزدوری کریں گے۔نواب ایاز خان جوگیزئی نے قلعہ سیف اللہ کے علاقے گوال حیدر زئی میں پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عجیب نوعیت کی دہشتگردی ہے، جس میں کئی لبادے استعمال ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں جب مقامی لوگوں نے مشکوک افراد کو پکڑا، جو ایف سی نے مقامی ٹھیکیدار کے کیمپ کی حفاظت کے لیے رکھے تھے، تو بعد میں ایف سی نے ان افراد کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔ اس صورتحال نے عوام کو مکمل طور پر کنفیوژن میں ڈال دیا ہے کہ آخرکار کون کیا ہے۔اس سیاسی اور امن و امان کی گھمبیر صورتحال سے نکلنے کے لیے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے عوامی جرگوں کا آغاز کیا ہے۔ نواب ایاز خان جوگیزئی نے اعلان کیا کہ ژوب کے بعد سبی اور کوئٹہ ڈویژنز میں بھی عوامی جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا، اور اضلاع و مقامی سطح پر جرگے اور عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ مظلوم کا ساتھ دینا اور ظالم کا گریبان پکڑنا اسلامی فریضہ اور پشتونولی کا تقاضہ ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے یہ فریضہ ادا کیا ہے اور کرتی رہے گی۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا عزم ہے کہ وہ پشتونوں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور اپنے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
پشتون قوم ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے، جہاں آگے موت اور پیچھے بھوک و غربت کا سامنا ہے،نواب ایاز خان جوگیزئی

ٹیگز:
نواب ایاز خان جوگیزئی
