پی ڈی ایم نے پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شو کاز نوٹس جاری کر دیئے
پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کو اور عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کو شو کاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
شو کازنوٹس میں دونوں جماعتوں کو 7 روز میں وجوہات بیان کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے بطور سربراہ شو کاز نوٹسز کی منظوری دی۔ اظہار وجوہ کے نوٹسز سیکرٹری جنرل پی ڈی ایم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بھجوائے گئے۔
پیپلزپارٹی کو شو کاز نوٹس بلاول بھٹو زرداری اور اے این پی کو اسفندیار ولی کے نام سے بھجوائے گئے ہیں۔ شو کاز نوٹس میں اپوزیشن لیڈر کے لئے باپ کے سینیٹرز کی حمایت لینے پر جواب طلب کیا گیا ہے۔
دونوں جماعتوں سے پی ڈی ایم کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جواب طلب کیا گیا ہے۔
نوٹسز کے متن میں درج ہے کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی کے اقدام اپوزیشن اتحاد اور تحریک کو نقصان پہنچا ہے، ایسا اقدام کیوں کیا، وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سنیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔