کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرسیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے اسمبلی کی طرف جانے والے راستوں کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا جس سے شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق بد ھ کو بلوچستان اسمبلی کے پہلے اجلاس کے موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی کال پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے بلوچستان اسمبلی کی طرف جانے والی شاہراہوں کو بدھ کی صبح سے ہی پولیس نے بیرئیر لگاکر ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا تھا اورکسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اس طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ اسمبلی اجلاس کے موقع پر بلوچستان اسمبلی کے چاروں اطراف پولیس،انٹی ٹیرارسٹ فورس اورایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ شہر میں پولیس اورایف سی کے مسلح دستے گشت کر تے رہے۔زرغون روڈ ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند ہونے کی وجہ سے شہرمیں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثرہوا جس سے شہریوں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا اورشہر میں سارا دن ٹریفک جام رہی۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات

ٹیگز:
حفاظتی انتظامات
