کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی اور جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی واحد ملک گیر نظریاتی جمہوری قوت ہے جو چاروں صوبوں میں مضبوط وفاق کی علامت بھی ہے ہر دور میں پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت نے ملکی وقار قومی مفادات کو مقدم رکھا اور کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ یہ با ت انہوں نے بدھ کو پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں میرصادق عمرانی، سردارفیصل خان جمالی،میر نصیب اللہ مری،دوران خان کھوسہ،بابا غلام رسول عمرانی،سرفراز بگٹی،سردارسرفراز چاکرڈومکی، کفایت اللہ،مولاداد رونجھو،سید جمال عبدالناصر،اکبر خان اچکزئی،کرن بلوچ اوردیگر کو پارٹی ٹکٹ دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرصوبائی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری قاسم خان اچکزئی، ربانی خلجی،جبار خلجی،نعیم بلوچ،اخترشاہ مندوخیل اوردیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے جس کیلئے پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،آصف علی زرداری،فریال تالپور کی قیادت میں 8فروری کو ہونے والے انتخابات میں بھر پور حصہ لے رہی ہے اور پارٹی نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے ہیں اور انکی بھر پور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور جیالا بلوچستان کا وزیراعلیٰ ہوگا۔
پیپلز پارٹی واحد ملک گیر نظریاتی جمہوری قوت ہے جو چاروں صوبوں میں مضبوط وفاق کی علامت بھی ہے،میرچنگیز جمالی

