توہین الیکشن کمیشن،چیئرمین پی ٹی آئی ، اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف فرد جرم کی کارروائی موخر
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیسز پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری میں سے کسی کے بھی پیش نہ ہونے پر معاون وکیل نے کیس التواء کی استدعا کی۔
نثار درانی نے ریمارکس دیے کہ سکیورٹی خدشات ہیں تو جیل میں سماعت نوٹیفائی کر سکتے ہیں، سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ اگر آپ جیل جانا چاہتے ہیں تو نوٹیفائی کر سکتے ہیں، جیل میں سماعت پر ہمیں اعتراض نہیں۔ممبر کمیشن نے پوچھا کہ کیا قانون اس کی اجازت دیتا ہے؟ جس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ وزارت قانون سے رائے لیں گے۔ بعد ازاں کیسز کی سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔