کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)زمیندارایکشن کمیٹی،بلوچستان کی سیاسی وقوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے زرعی فیڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن روکنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ زراعت کاشعبہ بلوچستان میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے،کیسکو کی نااہلی کی وجہ سے زمیندار نان شبینہ کے محتاج ہورہے ہیں،سبسڈی کی عدم ادائیگی کے نام پر زمینداروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیاجائے،نت نئے ٹیکسز عائد کرنے سے گریز کیاجائے،ہمسایہ ممالک پیداواری شعبوں کی بہتری کیلئے سبسڈی دے رہی ہے جبکہ ہمارے ہاں سبسڈی ختم کی جارہی ہے آج بلوچستان کے تمام اضلاع میں کیسکو کے ناروا سلوک کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہونگے۔ان خیالات کااظہار زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی،جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سرداررشید خان ناصر،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ،مرکزی انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، زمیندار ایکشن کمیٹی کے سیدعبدالقہار آغا،کاظم خان اچکزئی،عبدالجبار کاکڑ ودیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہاکہ بلوچستان کے 80 فیصد لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت ہے سال 2022 میں آنے والے سیلاب سے صوبے کے زمینداروں کو 300 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے سینکڑوں ٹیوب ویلز بند ہو گئے جبکہ لاکھوں ایکڑ پر فصلات و باغات تباہ ہو گئے اور اس سلسلے میں زمینداروں کے مسائل اجاگر کرنے میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نے بھرپور کردار ادا کیا ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔بلوچستان میں زراعت کا شعبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن افسوس کہ انہی زمینداروں کو آج کیسکو کی جانب سے مختلف القابات سے نوازا جا رہا ہے اس وقت سبسڈی کی مد میں وفاق و صوبہ مقروض ہیں لیکن کیسکو کا سارا نزلہ بجلی بند کرکے زمینداروں پر گرایا جاتا ہے۔بدقسمتی سے حکومت وقت کی جانب سے حالات اس نہج پر پہنچائے جا رہے ہیں کہ بلوچستان کے 80 فیصد لوگوں کے ذریعہ معاش کو چھینا جا رہا ہے۔ صوبے بھر کے زرعی فیڈرز پر کیسکو نے بجلی کا دورانیہ 2 سے 3 گھنٹے کردیا ہے جس سے فصلات و باغات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔کیسکو بلوچستان کی زمیندار کش پالیسی حیران کن عمل ہے جو کسی صورت زمینداروں کو قابل قبول نہیں اس ظلم و زیادتی کے خلاف آخری حد تک جدوجہد کرکے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ کیسکو کی جانب سے 2015 کے معاہدے کے تحت زمیندار 10ہزار موجودہ بل اور 6ہزار روپے سال 2023 کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنایا جا رہا ہے جس میں کیسکو کی جانب سے 8 گھنٹے بجلی فراہم کرنی تھی لیکن کیسکو بعض زرعی فیڈرز پر بجلی بند بعض پر 2 گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ 3 گھنٹے فراہم کررہی ہے جن علاقوں میں زمینداروں کی جانب سے احتجاج کیا وہاں سفید پوش زمینداروں کو گرفتار کیا گیا اور کیسکو نے بجلی ہی 2 فیز کردیا۔،انہوں نے کہاکہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے کیسکو حکام کی خواہش پر 8 نکاتی تحریری مطالبات کیسکو حکام اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پیش کی گئی لیکن بجلی اب تک بحال نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے زمینداروں کو لاکھوں روپے کانقصان ہورہاہے۔ایک طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ تو دوسری طرف نت نئے ٹیکسز عائد کئے جا رہے ہیں فروٹس اور سبزی سے متعلق مارکیت فیس کے نام پر نیا شیڈول قطعا قبول نہیں ہے ایک طرف کیسکو کے نام نہاد دعوے تو دوسری طرف نئے ٹیکسز زمیندار نان شبینہ کے محتاج بن جائیں گے،زمیندار اس وقت شدید مشکل دور سے گزر رہے ہیں مہنگائی آسمان سے باتیں کررہا ہے یوریا کھادوں ڈیزل و تیل سمیت زمینداری میں استعمال ہونے والی ہر شے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔زمیندار اس وقت مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اس سلسلے میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے بلوچستان کی سیاسی مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کی گئی اور کی موجودگی میں زمیندار ایکشن کمیٹی صوبے بھر میں احتجاجی شیڈول کا اعلان کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ زمیندار ایکشن کمیٹی پہلے مرحلے میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ضلع کے سطح پر سیاسی جماعتوں و انجمن تاجران کے ساتھ مل کر واپڈا کے مظالم کے خلاف 5 اکتوبر بروز جمعرات بلوچستان کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کریں گی۔دوسرے مرحلے میں 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں صوبے کی قومی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر مرکزی مظاہرہ ہوگا۔اگر کیسکو کے مظالم کا سلسلہ بند نہ ہوا تو 18 اکتوبر کو پہیہ جام ہڑتال ہوگا جس میں صوبے کی قومی شاہراہیں بند کی جائیں گی۔اس پریس کانفرنس کے توسط سے بلوچستان کے سیاسی مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے قائدین، تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز، وکلا تنظیموں صحافی برادری سے اپیل ہے کہ وہ زمینداروں کے احتجاجی تحریک میں ساتھ دیں۔
کیسکو کی زمیندار کش پالیسی حیران کن عمل ہے جو کسی صورت زمینداروں کو قبول نہیں،ملک نصیر شاہوانی

ٹیگز:
ملک نصیر شاہوانی
