اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)حکومت پاکستان نے ملک بھر میں فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کی سہولت کے لیے جدید ترین سہولیات سے لیس 5 ہزار ای ورکنگ سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کردیا۔عام طور پر حکومتیں ایسے سینٹرز میں تمام سہولیات ابتدائی طور پر مفت فراہم کرتی ہیں، تاہم ایسے سینٹرز میں سہولیات کی فراہمی انتہائی کم قیمت پر بھی کی جاتی ہے۔
نگران وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق حکومت ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ ای ورکنگ سینٹرز قائم کرے گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان‘ (اے پی پی) کے مطابق پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ملک بھر میں مشترکہ ای سینٹرز قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق مشترکہ ای سینٹرز کے قیام کے سلسلے میں ہی وہ جلد سعودی عرب کا دورہ بھی کریں گے جب کہ مذکورہ سینٹرز میں کام کرنے والے فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کو بلاسود قرضے بھی دیے جائیں گے۔
انہوں نے پاکستان سافٹ ویئر بورڈ کو ملک بھر کے آئی ٹی پروفیشنلز اور کمپنیوں کی مدد کرنے اور انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کے دوران نگران وزیر نے بتایا کہ انہوں نے آئی ٹی کے شعبے میں ڈالرز کی بلا روک فراہمی کے لیے نگران وزیر خزانہ سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ آئی ٹی کے شعبے کی مشکلات کو دور کیا جائے گا۔
نگران وزیر نے پاکستان سافٹ ویئر بورڈ کو آئی ٹی کی ایکسپورٹ 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی ہدایات کیں اور ساتھ ہی حکام کو حکم دیا کہ ملک بھر میں 2 لاکھ آئی ٹی پروفیشنلز کی اعلیٰ تربیت کے پروگرام کو تیز کیا جائے۔

