کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر دادمحمد بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 35فیصد اضافے کا اعلان کرے بصورت دیگر ایپکا سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔یہ بات انہو ں نے منگل کو حاجی عبداللہ جان صافی،بورمحمدبازئی،منظور نوشاد،حاجی اصغر بنگلزئی، رحمت اللہ زہری، علی نوا ز شاہوانی،حاجی ارشاد، ارباب عبدالخالق کاسی اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔دادمحمد بلوچ نے کہا کہ 8اور9جون کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے ملک بھر کے ملازمین سمیت ایپکا کے ہزاروں ممبران نے دو دن تک بھر پوراحتجاج کیا اس احتجاج کی بدولت وفاقی حکومت نے مجبور ہوکر گریڈ1سے 16تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 35فیصد جبکہ گریڈ17سے 22تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا اسی طرح دیگر صوبے بھی وفاقی حکومت کی طرز پر اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر رہے ہیں ہمیں امید ہے کہ بلوچستان حکومت بھی اپنے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی حکومت کی طرز پر 35اور30فیصداضافہ کریگی۔انہوں نے کہا کہ 2021ء میں ملازمین کے احتجاج کی بدولت ڈی آر اے 25فیصد اور سال 2022ء میں ڈی آراے 15فیصد کی مد میں ملک بھرکے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا لیکن بدقسمتی سے بلوسدچستان کے تمام ملازمین تنظیموں کے احتجاج کے باوجود ڈی آر اے کی مد میں 10فیصد تاحال بقایاجات ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نےْ وفاقی حکومت کے برعکس تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا تو پھرایپکا بلوچستان تمام ملازمین کے ساتھ ملکراحتجاج کریگی اس سلسلے میں 15جون کوایپکا بلوچستان کے ذیراہتمام بلوچستان بھر میں پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور کوئٹہ میں ایپکامیٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے ایک ریلی نکالی جائے گی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی جی پی او چوک پہنچے گی جہاں مظاہرہ کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 35فیصد اضافے کا اعلان کرے، دادمحمد بلوچ

ٹیگز:
دادمحمد بلوچ
