کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدو س بزنجو نے پاک ایران سرحد پر بارڈر مارکیٹ اور ایران گوادر بجلی منصوبے کے افتتاح کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک تاریخ ساز لمحہ ہے پاکستان اور ایران اپنے عوام کے روزگار اور ان کی خوشحالی کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں ایران ہمارا برادر ہمسایہ اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ ہمارے تاریخی ثقافتی، مذہبی، تجارتی اور سفارتی رشتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایران کے ساتھ خام تیل، گیس، خوردنی اشیاء اور توانائی کے شعبوں سمیت دوطرفہ علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں پاکستان اور ایران کے مابین اربوں روپے کی سالانہ تجارت ہوتی ہے اس تجارت کو رسمی شکل دینے کیلئے ضروری ہے کہ یہ تجارت بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جائے اس تجارت کو باقاعدہ طور پر قانونی شکل دینے سے دونوں ممالک کی معاشی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت بارڈر کے روزگار سے وابستہ افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے پاک ایران بارڈر پر مزید مارکیٹوں کاقیام عمل میں لایا جارہاہے پاک ایران سرحدی قصبہ مند ردیگ بارڈر پر پاک ایران کے اشتراک سے پاک ایران بارڈر مارکیٹ کا منصوبہ مکمل کیاگیا ہے اس منصوبے کے باقاعدہ افتتاح کیلئے آج دونوں ملکوں کی قیادت یہاں موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک ایران سرحد ایک تاریخی تجارتی کوریڈور ہے جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں منفرد اہمیت کا حامل ہے عالمی پابندیوں کے باوجود ایرانی معیشت نے مثالی ترقی کی جس کیلئے ایران کے عوام اور ان کی قیادت خراج تحسین کی مستحق ہے پاک ایران کے اشتراک سے تعمیر ہونے والی جوائنٹ بارڈر مارکیٹ نہ صرف مکران بلکہ بلوچستان میں معیشت کا گیٹ وے ثابت ہوگی، بارڈر پر امن وامان قائم کرنے اورکراس بارڈر دہشتگردانہ واقعات کو روکنے کیلئے دونوں برادر ممالک کی جانب سے مشترک کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک ایران مشترکہ بارڈ کمیشن ایک اہم فورم ہے جس میں بارڈر سے متعلق امور کو طے کیا جاتاہے پاک ایران تجارت کا کثیر حصہ غیر رسمی تجارت پر مبنی ہے ہمیں اس تجارت کو باقاعدہ طور پر ایک رسمی شکل دینے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ وزیراعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ بدقسمتی سے غیر رسمی اور غیر قانونی تجارت کے باعث بارڈر سے وابستہ افراد کے روزگار کو کئی ایک مسائل کا سامنا ہوتا ہے سرحدی تجارت کے بند ہونے سے بہت سے خاندان متاثر ہوتے ہیں ہم ایک ایسے صوبے میں رہتے ہیں جہاں زیادہ تر لوگوں کا روزگار سرحدی تجارت سے وابستہ ہے صوبائی حکومت کو اس تجارت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بخوبی علم ہے سرحدی تجارت کی بہتر انداز سے روانی کیلئے اس تجارت سے وابستہ افراد کا ایک دیرینہ مطالبہ غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے تجارت اور تاجروں کے مسائل کے حل اور بارڈر ٹریڈ کے فروغ کیلئے غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ کرتے ہوئے سرحدی تجارت میں حائل دیگر کئی ایک رکاوٹوں کو ختم کیا ہے یہاں کے لوگ محب وطن ہیں یہاں کی معیشت کا کل دارومدار بارڈرٹریڈ سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب بارڈر بند ہوجاتی ہے تو یہاں کے خاندانوں کے چولہے بجھ جاتے ہیں ہمیں ان کے تمام مسائل کا ادراک ہے غیر قانونی تجارت دشوارگذار راستوں سے ہوتی ہے جو کئی بار حادثات کا باعث بھی بنتی ہیں معاشی اور اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ بارڈر ٹریڈ کو زیادہ موثر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جنکے اثرات یہاں کے لوگوں اور مجموعی طور پر پاکستان کی معیشت کیلئے بہتر ہوں حکومت بلوچستان گوادرکی ترقی کیلئے پرعزم ہے گوادر کی موجودہ اور مستقبل کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایران سے اضافی 100میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبے کو مکمل کرلیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ایران سرحد سے گوادر تک 138کلو میٹر طویل ٹرانسمیشمن لائن بچھائی گئی ہے اس اہم منصوبے کی بدولت گوادر کے گھریلو اور صنعتی صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی ہوسکے گی۔
پاکستان اور ایران اپنے عوام کے روزگار کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، وزیر اعلیٰ بلو چستان

ٹیگز:
وزیر اعلیٰ بلو چستان
