لاہور (ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے صوبے بھر میں موبائل فون سروس بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے مراسلہ بھی لکھ دیا گیا ہے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں رینجرز طلب کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو مراسلہ بھی لکھ دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کے زیر صدارت صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی اجلاس میں رینجرز طلب کرنے اور موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظراہم فیصلے کیے گئے ہیں.
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور سمیت پورے ملک میں کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری پر بھرپور طریقے سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے اہم سڑکیں بند کردینے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے.

