کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل کھیل دْرا بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے کوشاں ہیں، سپورٹس کا فروغ حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے رمضان المبارک سپورٹس فیسٹیول میں ٹیپ بال کرکٹ، ہاکی، فٹسال سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام رمضان المبارک سپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ ٹیپ بال کرکٹ کے کھلاڑیوں سے آل کوئٹہ رمضان المبارک ٹیپ بال کرکٹ نائٹ کپ منعقد کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ ہم نے پورا کردیا ہماری کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے آگے بھی ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتے رہیں تاکہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کھیل دْرا بلوچ نے بلے سے شارٹ کھیل کر ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ بلوچستان ہینڈ بال ایسوسی ایشن کے صدر شیر محمد ترین، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر امجد ستی، نائب صدر چوہدری شبیر، گل محمد کاکڑ، سہیل احمد خان، محمد قاسم و دیگر موجود تھے بعدازاں ٹورنامنٹ کے سلسلے میں افتتاحی میچ سعد فائٹر اور بریوری الیون کے مابین کھیلا گیا جس میں سعد فائٹر نے بریوری الیون کو 40 رنز سے شکست دی۔ واضح رہے کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کی جانب سے رمضان المبارک سپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے ہے جو کہ 17 اپریل تک جاری رہیں گے۔
بلوچستان کے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے کوشاں ہیں ، درا بلوچ

ٹیگز:
درا بلوچ
