اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہبازشریف نے فوج اور اس کے سربراہ کیخلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آرمی چیف کیخلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کیخلاف سازش کا تسلسل ہے۔ بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں۔شہبازشریف نے کہا کہ زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلایا جارہا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں۔
عمران خان اداروں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کررہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ ملک کے اندر غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ افراتفری، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر تعینات آرمی چیف کیخلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔

