کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر عبدالکریم جمالی نے کہا ہے کہ صوبہ کے زرعی صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل کو دیکھتے ہوئے انھیں ہرممکن حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے کیسکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں چیف انجینئر (آپریشن) سید یوسف شاہ خان، چیف انجینئر (سی ایس ڈی) محمد ہاشم جوگیزئی، چیف انجینئر (ٹیکنیکل)شفقت علی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر عبدالکریم جمالی نے کہا کہ گزشتہ روز صوبائی حکومت کی جانب سے منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں سبسڈی اور بلوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد زمینداروں کے بجلی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی فیڈروں کے بجلی کے فراہمی کے اوقات کار کو 6گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر زمینداروں کو بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا ہے اس سلسلے میں حکومت بلوچستان سبسڈی کی مد میں مارچ کے آخر تک بقایا جات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائے گی جبکہ دیگر بقایا جات ماہ جون تک ادا کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں زمیندار اپنے ذمہ بجلی بلوں کی واجبات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائیں۔کیسکو چیف نے چیف انجینئر آپریشن کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہو ئے کہا کہ آپریشن سرکلز اپنے متعلقہ علاقوں میں زمینداروں کے ساتھ مل کر تمام زرعی کنکشنز پر میٹروں کی تنصیب کا عمل بھی شروع کریں جبکہ زرعی صارفین انفرادی طور پر بلوں کی مد میں ماہانہ دس ہزار روپے کی ادا کو بھی یقینی بنائیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریکوری اہداف کو حاصل کر نے کے لئے بھی کو ششیں تیز کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جنوری 2023تک کیسکو کے زرعی صارفین کے ذمہ بلوں کی مدمیں بقایاجات 383ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں اسکے علاوہ زرعی سبسڈی کی مدمیں صوبائی حکومت کے ذمہ تقریباً 44ارب روپے بھی واجب الاداہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام نادہندہ صارفین خصوصاً زرعی صارفین اپنے بل مقررہ وقت پر اداکرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے واجب الادابقایاجات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائیں تاکہ اُن کے بجلی کی فراہمی کے اوقات کارکو بڑھایا جاسکے۔
زمینداروں کو بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا ہے ، انجینئر عبدالکریم جمالی

ٹیگز:
انجینئر عبدالکریم جمالی
