اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پیر کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس میں بلوچستان کے کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے صوبے میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم نے توانائی ڈویژن اور صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ نظام الاوقات میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کے آغاز کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کریں۔منصوبے سے کسانوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور بجلی کے شعبے میں لاسز کا مسئلہ بھی حل کیا جاسکے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے لوگ بجلی کے ضیاع کے مسئلے کو برداشت کررہے ہیں انہوں نے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔عمران خان نے کہا کہ سبسڈی کا موثر اور موزوں استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ بلوچستان کے وزیراعلی جام کمال بھی شریک تھے۔

